نئی دہلی14جون(آئی این ایس انڈیا) اتوار کی صبح پاکستان نے ایل اوسی کے قریب پونچھ سیکٹر پر فائرنگ کی۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کی شدید فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ بھارت اور پاکستان کے مابین ایل او سی پر فائرنگ سے ایک فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، کرنی سیکٹر میں راتوں رات پاکستان نے بھاری فائرنگ کی۔ بھارتی فوج نے بھی پاکستان پر فائرنگ کاجواب دیا۔ عہدیداروں نے بتایاہے کہ پاکستانی فائرنگ سے ہندوستانی فوج کے چار اہلکار زخمی ہوگئے اور سب کو فوری طورپر اسپتال بھیج دیا گیا۔ ایک فوجی شدید زخمی ہونے کی وجہ سے شہید ہوگیا ہے۔ باقی فوجیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔اس سے قبل جمعہ کے روزبارہمولہ ضلع کے اوری سیکٹر کو نشانہ بنا کر پاکستان کی جانب سے گولہ باری کی گئی تھی۔ اس میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔